یک اہم سوال جس پر بحث کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ملک جو اسلامی نظریے کو لے کر اٹھے اس کی خارجہ پالیسی کے کیا اصول ہوں؟ ملت اور ریاست کے تعلقات دوسرے ممالک اور اقوام سے کن بنیادوں پر استوار ہوں؟ ان اصولوں کی ہم مختصر وضاحت کرتے ہیں:
: 1 اس سلسلے میں سب سے پہلا اصول یہ ہے کہ ملت اسلامیہ اور اسلامی ریاست کی حیثیت خدا کی علمبردار اور اس کے پیغام کے داعی کی ہے۔ قرآن پاک اس کو “امت وسط” کہتا ہے اور اس کے منصب کو “شہادت حق” سے تعبیر کرتا ہے۔ یعنی یہ وہ امت ہے جو اللہ تعالی کی طرف سے پوری انسانیت پر گواہ بنائی گئی ہے، جو اپنے قول و عمل، پالیسی اور پروگرام کے ذریعے خدا کے دین کی شہادت دیتی ہے۔ اس لیے اسلامی ریاست میں خارجہ پالیسی کا پہلا اصول یہ قرار پاتا ہے کہ یہ دین اسلام کی تبلیغ اور حق کی شہادت دینے والی ہو۔ اس پالیسی میں کوئی ایسا رویہ اختیار نہ کیا جائے جو اس حیثیت کو مجروح کرنے والا ہو